کوئٹہ( الفجرآن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت آخری فسادی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر یکسو اور پرعزم ہے۔ حکومت ملک میں امن کی بحالی، معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو ہر ممکن طریقے سے بروئے کار لائے گی۔
وزیراعظم نے کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزراء سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے بلوچستان میں گزشتہ چار روز کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ حملوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، جن میں پولیس، سکیورٹی فورسز کے جوان اور بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 54 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کی یہ عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ ملک میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں بدامنی پھیلانے والے بیرونی عناصر کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مشرقی ہمسایہ ملک کا اس فتنے میں واضح کردار ہے، جو دہشت گردوں کو مالی معاونت اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔ مزید برآں، افغانستان کی سرزمین کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ دشمن پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور معرکہ حق کی فتوحات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، لیکن ریاست ان کے تمام مذموم عزائم کو خاک میں ملا دے گی

