پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مال بردار کشتی کے عملے کو بچا لیا
اورماڑہ (الفجر آن لائن)پاک بحریہ نے اورماڑہ کے مشرق میں کھلے سمندر میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانی بھرنے کے باعث ڈوبنے والی مال بردار کشتی کے تمام 20 پاکستانی عملے کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مال بردار کشتی میں اچانک شدید پانی بھر جانے سے ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی، جس پر خطرے کا سگنل موصول ہوتے ہی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) فوری طور پر متحرک ہوا اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ا
علامیے کے مطابق آپریشن میں پاک بحریہ کے جدید جنگی جہاز پی این ایس حنین اور فضائی وسائل، جن میں ہیلی کاپٹر اور طیارے شامل تھے، نے حصہ لیا۔ پاک بحریہ کے اہلکاروں نے مشکل سمندری حالات میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کشتی میں سوار تمام 20 پاکستانیوں کو بحفاظت نکال لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ کامیاب کارروائی پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بروقت ردعمل اور سمندری حدود میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی بھرپور تیاری کا واضح ثبوت ہے۔ترجمان کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی بحیرہ عرب اور ساحلی علاقوں میں انسانی جانوں کے تحفظ اور سمندری سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت الرٹ اور تیار ہیں۔

