موجودہ ہائبرڈ نظام کے باعث نہ صرف ملکی معیشت بلکہ امن و امان کی صورتحال بھی شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے منفی اثرات عام شہریوں اور قومی استحکام پر مرتب ہو رہے ہیں
ملاقات میں باہمی مشاورت کے ذریعے قومی مسائل کے حل، جمہوری عمل کے استحکام اور بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا‘ملاقات میں اتفاق
اسلام آباد(الفجر آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، بلوچستان میں امن و امان اور قومی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق دونوں رہنماو¿ں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کسی بھی صورت قوم اور ملک کے مستقبل کے لیے امید افزا نہیں، لہٰذا اس پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ موجودہ ہائبرڈ نظام کے باعث نہ صرف ملکی معیشت بلکہ امن و امان کی صورتحال بھی شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے منفی اثرات عام شہریوں اور قومی استحکام پر مرتب ہو رہے ہیں۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق ملاقات میں باہمی مشاورت کے ذریعے قومی مسائل کے حل، جمہوری عمل کے استحکام اور بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات میں جے یو آئی کے مرکزی رہنما اسلم غوری، سینیٹر کامران مرتضیٰ، مولانا صلاح الدین ایوبی اور مولانا عبیدالرحمانبھی شریک تھے۔

