لورالائی (الفجر آن لائن)لورالائی کے علاقے سر کی جنگل میں مبینہ شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے احتیاطی اقدامات کے تحت نیشنل ہائی وے پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائی کے دوران شاہراہ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ٹریفک کی بندش کے باعث مسافروں، خواتین، بچوں اور مریضوں سمیت عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ متعدد مسافر کئی گھنٹوں تک شاہراہ پر پھنسے رہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی علاقے کو محفوظ بنانے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے کی جا رہی ہے، جبکہ کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے کے بعد شاہراہ کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

