اسلام آباد (الفجرآن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی جانب سے بھجوائی گئی متعدد سمریوں کی منظوری دے دی، جن میں مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے 1,172 اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس طلب کرنے اور اہل قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی معافی سمیت مختلف اہم امور شامل ہیں۔
صدر مملکت نے مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے 1,172 اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری دی ہے۔ مختلف سول شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں شہریوں کو قومی اعزازات دینے کی سمری بھی منظور کرلی گئی۔
صدر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اگست کو شام 5 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس اسی روز شام 4 بجے ہوگا۔
صدر مملکت نے یوم آزادی اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اہل قیدیوں کے لیے خصوصی رعایت کی بھی منظوری دی ہے، جس کے تحت مستحق قیدیوں کی سزاؤں میں 100 روز کی معافی دی جائے گی۔
صدر مملکت کی جانب سے منظور کی گئی سمریوں میں قومی خدمات انجام دینے والے مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز اور مختلف سول شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی خدمات کا اعتراف بھی شامل ہے۔

