خاران( الفجرآن لائن ) بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لجے میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ، بھاری مقدار میں گولہ بارود، دیگر جنگی سامان، 2 گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد خاران اور لجے کے علاقوں میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق آخری دہشت گرد کے خاتمے تک تعاقب جاری رہے گا اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

