راولاکوٹ (الفجر آن لائن ) راولاکوٹ میں مبینہ طور پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر حملے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے سیکیورٹی فورسز پر جدید اسلحے اور دستی بموں سے حملہ کیا۔
حملہ آوروں نے شدید فائرنگ کی اور پولیس چوکی پر گرینیڈ بھی پھینکے۔گرینیڈ حملے کے نتیجے میں کانسٹیبل مشتاق زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اہلکار قریب گرینیڈ گرنے کے باعث زخمی ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران راولاکوٹ کے نواحی علاقوں میں مبینہ مسلح حملوں کے مختلف واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار زخمی ہو چکے ہیں ۔
ماہرین کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام کالعدم تنظیم کے مبینہ گمراہ کن اور منفی پروپیگنڈے کو مسترد کر چکے ہیں ۔
ان کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابات کا کامیاب انعقاد اس بات کا اظہار ہے کہ عوام کالعدم ایکشن کمیٹی کے طرزِ عمل اور پرتشدد کارروائیوں سے اتفاق نہیں کرتے۔

