پرائیویٹ حج کی بکنگ اور ادائیگی صرف پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے قابل قبول ہوگی
پرائیویٹ عازمین حج مطلوبہ حج پیکیج کا انتخاب بھی حج پورٹل کے ذریعے کرسکتے ہیں، ترجمان مذہبی امور
اسلام آباد (الفجرآن لائن) پرائیویٹ حج سکیم 2027 کیلئے واجبات کی وصولی کا آغاز ہوگیا۔پرائیویٹ حج کی بکنگ اور ادائیگی صرف پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے قابل قبول ہوگی۔ پرائیویٹ حج سکیم کے تمام مالی معاملات صرف حج پورٹل کے ذریعے انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے مجاز حج منظم کمپنی کا انتخاب کیا جاسکے گا۔ پرائیویٹ عازمین حج مطلوبہ حج پیکیج کا انتخاب بھی حج پورٹل کے ذریعے کرسکتے ہیں۔ ترجمان مذہبی امورکے مطابق پرائیویٹ عازمین حج واجبات کی ادائیگی حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے کرسکتے ہیں۔ وزارت کی جانب سے کسی منظم کمپنی کو براہ راست رقم کی وصولی کی اجازت نہیں ہے،غیر مجاز ایجنٹ یا افراد کو ادائیگی کرنے والے عازمین حج اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے، پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج واجبات وصولی کا عمل شفاف اور وزارت کی نگرانی میں مکمل ہوگا۔ترجمان مذہبی امورکے مطابق عازمین حج جعلسازی سے بچنے کیلئے صرف وزارت مذہبی امور کے مجاز ڈیجیٹل نظام سے رجوع کریں۔پرائیویٹ حج سکیم میں پہلے سے رجسٹرڈ عازمین مجاز کمپنی اور پیکیج کا انتخاب پاک حج پورٹل کے ذریعے کریں۔ترجمان مذہبی امورکے مطابق پرائیویٹ عازمین حج کسی بھی مجاز یا غیر مجاز کمپنی کو چیک یا نقد رقم دینے سے گریز کریں، وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو فراڈ سے بچنے کیلئے غیر مجاز ذرائع سے ادائیگی نہ کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم میں نئی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔امسال پرائیویٹ حج سکیم کا کوٹہ 71 ہزار 696 مقرر ہے

