
چارسدہ (الفجرآن لائن) سابق گورنر بلوچستان جنرل ریٹائرڈ عمران اللہ خان کی نمازِ جنازہ چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں ادا کر دی گئی، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنرل (ر) عمران اللہ خان ایک باوقار، مدبر اور نفیس شخصیت کے مالک تھے اور ان کے انتقال سے ملک ایک مخلص اور قابل احترام انسان سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے ساتھ اپنے دیرینہ خاندانی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ان کے والد مرحوم میر غلام قادر بگٹی کے قریبی دوست تھے۔ میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

