کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کو یہاں معروف گلوکار و فنکار عارف بگٹی نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی لوک ثقافت، موسیقی اور صدیوں پر محیط لوک داستانوں کو جدید انداز میں نئی نسل تک منتقل کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے لوک داستان ”سمل“ پر مبنی گیت کو نئے اور منفرد انداز میں پیش کرنے پر گلوکار عارف بگٹی کی کاوش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ثقافت، روایات، لوک داستانیں اور موسیقی صوبے کے تاریخی و ثقافتی تشخص کا اہم حصہ ہیں، جنہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے مثبت انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے فنکار اور گلوکار اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے صوبے کی ثقافت اور روایات کو مؤثر انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔ لوک داستانوں کو جدید موسیقی کے ذریعے مثبت انداز میں نئی نسل تک پہنچانا قابل تحسین اقدام ہے جس سے نوجوان نسل اپنے ثقافتی ورثے سے مزید جڑ سکتی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان فنون لطیفہ، ثقافت اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے کے باصلاحیت فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے فن کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں گے گلوکار عارف بگٹی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور صوبے کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے ان کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا وزیراعلیٰ نے عارف بگٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی دھرتی کا ثقافتی ورثہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور اسے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

