کوئٹہ(الفجرآن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرانان بازار میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنا کر شہید کیا گیا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نشانہ بننے والے محنت کش مزدور ملک اور بالخصوص بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے تھے۔ ایسے نہتے اور معصوم شہریوں کا خون بہانے والے درندے کسی بھی رعایت یا رحم کے مستحق نہیں ہیں۔
میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں، بلکہ معصوم پاکستانیوں کی یہ شہادتیں وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے ہمارے حوصلوں کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس جنگ میں پوری ریاست اور قوم متحد کھڑی ہے۔ انتظامیہ کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے

