راولپنڈی (الفجر آن لائن) خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج سے بتایا جاتا ہے۔ کارروائی کے بعد دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
علاقے میں ممکنہ خطرات کے خاتمے اور دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن بھی جاری رکھا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

