اسلام آباد/ہلمند (الفجرآن لائن) سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے افغان صوبے ہلمند کے ضلع گرمسیر میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ایک مبینہ میڈیا آپریشن سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے تباہ کر دیا، جبکہ اس کارروائی میں تنظیم سے تعلق رکھنے والے 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی یکم اکتوبر کی صبح 4 بج کر 45 منٹ پر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ مرکز پاکستان مخالف پروپیگنڈا تیار کرنے اور پھیلانے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں شیروان، حذیفہ، فاروق اور حضرت بلوچ نامی افراد بھی شامل بتائے گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کمپاؤنڈ ملا نادر کی ملکیت تھا، جسے نیمروز میں طالبان بارڈر فورس کا کمانڈر اور ہلمند و نیمروز میں بی ایل اے کا اہم سہولت کار قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور مذکورہ افراد ایک طالبان کمانڈر کی سرپرستی میں اس مرکز پر موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے مبینہ پروپیگنڈا سرگرمیاں پاکستان سے باہر افغانستان میں جاری تھیں۔
تاہم، کارروائی اور ہلاکتوں سے متعلق ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے آنا ضروری ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر اور ان کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی

