لاہور (الفجر آن لائن) کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے مابین جھگڑے کے نتیجے میں ایک قیدی کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعے کا محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹس لے لیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 3 ڈی آئی جیز پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کمیٹی میں ڈی آئی جی پریزن لاہور محسن رفیق، ڈی آئی جی پریزن ہیڈکوارٹر شوکت فیروز اور ڈی آئی جی پریزن انسپکشن نوید رؤف شامل ہیں،
اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے زخمی قیدیوں اور جیل عملے سے معلومات حاصل کرنا شروع کر دی ہیں۔
ترجمان کے مطابق انکوائری کے ذریعے واقعے کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا، جس کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے زخمی قیدیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
آئی جی پریزن میاں سالک جلال اور ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ جنرل ہسپتال میں موجود ہیں جہاں زخمی قیدیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

