اسلام آباد (الفجر آن لائن):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو واپس لا کر خیبر پختونخوا میں دوبارہ بسانے کے پیچھے مذموم عزائم کارفرما تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں وزیر دفاع نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ان عناصر میں اپنا ایک حلقہ پیدا کررہے تھے تاکہ پاکستان کو ایک تابع ریاست بنانے کے ایجنڈے کو آگے بڑھا نے کے لیے وہ نجی فوج کا کردار ادا کر سکیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا حکومت ٹی ٹی پی کی جاری خونی اور دہشت گردانہ مہم کے سامنے کسی قسم کی مزاحمت نہیں دکھا رہی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے باقاعدہ ایک پالیسی کے تحت دہشت گردی کے متاثرین سے یکجہتی کے اظہار سے بھی پہلو تہی اختیار کر رکھی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی کی اس کھلی مہم کے سامنے مطیع بنے رہنا دراصل دہشت گردوں کی کھلی معاونت اور حوصلہ افزائی کے مترادف ہے

