لاہور/گوجرخان (الفجرآن لائن) ملک میں ٹرین حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا اور آج مزید دو مسافر ٹرینیں حادثات کا شکار ہوگئیں۔
رائیونڈ میں کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس کی ایک بوگی پٹڑی سے اتر گئی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی بھی ایک بوگی گوجرخان کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس کو رائیونڈ کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی
مسافروں کو امدادی ٹرین کے ذریعے ان کی منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔دوسری جانب جعفر ایکسپریس کی ایک بوگی گھنگھریلہ اور گوجرخان کے درمیان پٹڑی سے اتر گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین صبح 6 بجے پشاور سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
بوگی کے پٹڑی سے اترنے کے باعث ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل ہوگئی،
جبکہ ریلوے حکام اور متعلقہ عملہ ٹریک کی بحالی کے لیے موقع پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی سے کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس بھی کھاریاں کے قریب پٹڑی سے اتر گئی تھی۔

