صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، ملکی سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر غور، وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا
خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر صدر اور وزیراعظم کا اظہار تشویش، دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور اداروں میں مؤثر تعاون پر زور
اسلام آباد (الفجرآن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء للہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی سے متعلق صورتحال پر غور کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملک میں امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر اور مربوط تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریاستی اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون مؤثر بنایا جائے۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں طے پایا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی پر مشتمل مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا

