اسلام آباد(الفجر آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اہم بیان جاری کرتے ہوئے بھارتی فوج کے دعووں پر سوالات اٹھا دیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس نے بھارتی فوج کے مبینہ جعلی مقابلے کا پول کھول دیا ہے۔
محمد آصف کے زندہ اور سلامت ہونے کی تصدیق کے بعد بھارتی فوج کے دعوے پر سنگین سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر محمد آصف زندہ سلامت ہیں تو بھارتی فوج نے کس بے گناہ کشمیری کو شہید کیا اور اسے محمد آصف کے طور پر کیوں پیش کیا گیا؟
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق ایک معصوم کشمیری کی لاش کو محمد آصف بنا کر پیش کرنا بھارت کے لیے انتہائی شرمندگی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد آصف کی میڈیا کے سامنے موجودگی کے بعد بھارتی فوج کو عالمی سطح پر اپنے دعوے کی وضاحت دینا ہوگی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت وضاحت کرے کہ جس مبینہ جعلی مقابلے میں ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا، اس میں اصل میں کس بے گناہ شخص کی جان لی گئی۔

