کوئٹہ (الفجرآن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائی پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف یہ کامیاب آپریشن ہماری سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مستونگ میں 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کو ایک اہم ترین پیش رفت قرار دیا۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان کی پاک سرزمین کو دہشت گرد عناصر سے پاک کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ امن اور استحکام کے دشمنوں کو صوبے میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الہندوستان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، اور اس جنگ میں حکومت اور عوام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل طور پر متحد کھڑے ہیں

