راولپنڈی (ویب ڈیسک): پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ مؤثر اور مربوط کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پہلی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان اور اس کے گردونواح میں کی گئی، جہاں عزمِ استحکام ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی رکھی اور ان کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنا کر 13 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ وہ عزمِ استحکام ویژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
دوسری جانب، بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی۔ مستونگ کے علاقوں سیاپشت اور کلی گشتری میں ہونے والے اس آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے، اور بلوچستان سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی

