کوئٹہ (الفجرآنلائن): گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے یوتھ لیڈرز پارلیمنٹ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے عصمت اللہ کی قیادت میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں نوجوانوں کو پارلیمانی امور، جمہوری عمل اور پالیسی سازی سے روشناس کرانے سمیت صوبے میں نوجوانوں کے لیے موثر پلیٹ فارم کے قیام اور اسے مزید فعال بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو تنظیم کے ڈھانچے، اغراض و مقاصد اور مستقبل کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔
نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں: جعفر خان مندوخیل
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں فیصلہ سازی، جمہوری اقدار اور پارلیمانی نظام کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو سیاسی و سماجی معاملات پر مثبت اور تعمیری مکالمے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں ذمہ دار شہری اور مدبرانہ قیادت کا کردار ادا کر سکیں۔ گورنر نے تنظیم کو ہدایت کی کہ بلوچستان بھر میں اس پلیٹ فارم کو مزید متحرک کیا جائے اور اس کے دائرہ کار کو صوبے کے مختلف اضلاع تک وسعت دی جائے۔
ملکی پارلیمنٹ کی طرز پر تربیتی نظام
وفد نے گورنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوتھ لیڈرز پارلیمنٹ کا ڈھانچہ پاکستان کی منتخب پارلیمنٹ کی طرز پر تشکیل دیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو پارلیمانی طریقۂ کار، قانون سازی، بحث و مباحثے اور جمہوری اداروں کے کام سے عملی طور پر آگاہ کرنا ہے۔ گورنر نے نوجوانوں میں قیادت، تحقیق، مکالمے اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام، مباحثے اور موک سیشنز منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صوبائی مسائل اور سول سوسائٹی کا کردار
گورنر بلوچستان نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو بلوچستان کے تعلیمی، معاشی، سماجی اور ترقیاتی مسائل پر اپنی آراء پیش کرنے اور پالیسی سازی کے عمل کو سمجھنے کے بھرپور مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے یوتھ لیڈرز پارلیمنٹ کی سرگرمیوں میں تعلیمی اداروں، نوجوانوں کی تنظیموں اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وفد نے گورنر کو یقین دلایا کہ وہ صوبے بھر میں اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے اور نوجوانوں کی مناسب رہنمائی کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے

