سیوی (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی احکامات اور صوبائی حکومت کی تعلیمی پالیسی کے تحت مستحق اور باصلاحیت طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) اسکالرشپس کے حوالے سے ایک خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی سربراہی میں منعقدہ اس سیشن میں اسسٹنٹ کمشنر میر بہادر خان بنگلزئی، تعلیمی افسران، پرنسپلز، معززین اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیشن کے دوران BEEF کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد خان ماندائی اور ان کی آن لائن کوئٹہ ٹیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکاء کو اسکالرشپ کے طریقہ کار، اہلیت کے معیار، اور آن لائن درخواست جمع کرانے کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ اقلیتوں اور خصوصی افراد کے لیے مختص کوٹے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیوی نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اساتذہ اور طلباء میں اسکالرشپ کے حوالے سے بھرپور آگاہی پیدا کریں تاکہ کوئی بھی اہل طالب علم معلومات کی کمی کے باعث اس سنہری موقع سے محروم نہ رہے

