شمالی وزیرستان (الفجرآن لائن) خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف ایک مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں عزمِ استحکام وڑن کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کا مقصد علاقے میں امن و استحکام کو یقینی بنانا اور دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔

