
لاہور(الفجرآن لائن): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) نے خواتین بینیفشریز کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو مؤثر بنانے اور اس سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے ملک گیر تربیتی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد خواتین کو نئے ڈیجیٹل والٹ نظام، اس کے طریقۂ کار اور حفاظتی اقدامات سے جامع طور پر آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی دشواری کے اپنی مالی امداد حاصل کر سکیں۔
مہم کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز لاہور سے کیا گیا ہے، جہاں ایک خصوصی تربیتی سیشن منعقد ہوا۔ اس موقع پر بی آئی ایس پی کی ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر عصمت نواز نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئے انٹرآپریبلٹی نظام کی کامیابی کے لیے عملے کی مؤثر تربیت اور خواتین بینیفشریز کی جامع آگاہی بے حد ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل پے منٹ نظام سے پروگرام میں مزید شفافیت آئے گی۔
نئے نظام کے تحت اب خواتین بینیفشریز کو بی آئی ایس پی کی جانب سے ادائیگی کا تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد مخصوص سینٹرز پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وہ اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے کسی بھی شہر میں پارٹنر بینکوں کے مجاز ریٹیلرز سے رقم نکلوا سکیں گی۔ اس اقدام سے مخصوص مراکز پر رش اور انحصار کم ہوگا، جبکہ خواتین کے سفر کے اخراجات اور دیگر مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
ڈاکٹر عصمت نواز نے بی آئی ایس پی کے عملے کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ خواتین کو ان کی موبائل سم اور فون کی حفاظت، پوری رقم کی وصولی اور ٹرانزیکشن سے متعلق ایس ایم ایس کو محفوظ رکھنے کے بارے میں واضح رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رقم سے کسی بھی قسم کی غیر مجاز کٹوتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی شکایت یا غیر قانونی کٹوتی کی صورت میں خواتین بی آئی ایس پی کی مفت ہیلپ لائن 080026477 یا اپنے قریبی تحصیل دفتر سے فوری رابطہ کر سکتی ہیں

