جدید ٹیکنالوجی، انکیوبیشن سینٹرز اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا عزم
وزیراعظم نے جنوبی کوریا کے تعاون کو سراہتے ہوئے منصوبے کو پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل اور نالج اکانومی کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دے دیا۔
اسلام آباد(الفجرآن لائن): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک (دانش ٹیکنالوجی پارک) کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم نے منصوبے کو پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کو ’’دانش آئی ٹی پارک‘‘ کا نام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دانش اسکولوں کی طرح یہ آئی ٹی پارک بھی لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم، تربیت اور ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید خطوط پر استوار یہ منصوبہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اس کے ذریعے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں ڈیجیٹل معیشت کا مؤثر حصہ بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے منصوبے کی تکمیل کو مشترکہ کاوشوں اور ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ، ان کی ٹیم اور تمام شراکت داروں کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے منصوبے کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر وفاقی وزراء شزہ فاطمہ، احسن اقبال، احد خان چیمہ، عبداللہ جان اور دیگر متعلقہ ٹیموں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تعاون کو سراہتے ہوئے کوریا کے صدر اور وزیراعظم کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے قائم ہونے والا یہ مرکز پاکستان میں نالج اکانومی کے فروغ، انکیوبیشن سینٹرز کی ترقی اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئی ٹی پارک میں بہترین کمپنیوں اور ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے بہتر مواقع میسر آئیں۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا، جہاں انہیں منصوبے کے مختلف شعبوں، جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے وہاں جاری سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔
نیشنل ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح پاکستان میں ٹیکنالوجی، جدت، ہنرمندی اور ڈیجیٹل کاروبار کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نوجوانوں کے لیے تعلیم، تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے

