معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان نے راڑہ شم میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔
کوئٹہ (الفجرآن لائن): معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کامیاب کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کے مذموم عزائم رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی کی کارروائی قابلِ تحسین ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرکے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف اہم کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، ترقی اور عوام کے تحفظ کے لیے خطرہ ہیں، تاہم ان کے مذموم عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی خدمات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
بابر یوسفزئی نے کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جرأت اور بہادری کو بھی سلام پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ادارے پُرعزم ہیں۔

