کوئٹہ(الفجرآنلائن) : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے سابق جج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن سعادت اللہ خان با زئی سے صوبائی محتسب بلوچستان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس سلسلے میں سوموار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ایک سادہ مگر پروقار حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر نسیم الرحمٰن، رکن صوبائی اسمبلی نعیم بازئی اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان عبدالطیف کاکڑ سمیت صوبائی سیکرٹریز، سینئر وکلا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے توقع ظاہر کی کہ سعادت اللہ خان با زئی کی بطور صوبائی محتسب تقرری کے بعد صوبائی محتسب کا ادارہ شہریوں کی شکایات کے ازالے، سرکاری محکموں کی انتظامی بےضابطگیوں کی نشاندہی اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار مزید موثر انداز میں ادا کریگا۔ صوبائی محتسب ادارہ واقعی ایک کارآمد ادارہ ہے۔

