پشاور(الفجر آن لائن) خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پشاور سمیت صوبے بھر میں معمولات زندگی بحال ہونے لگے، شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں جبکہ بیشتر کاروباری مراکز اور دفاتر کھل گئے
تاہم پشاورسمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے، کالجز اور یورنیوسٹیاں بند ریں،پشاورشہر میں بی آر ٹی سروس دوسرے روز بھی معطل رہی، جبکہ مختلف سڑکوں پر کنٹینرز سے راستے بدستور بند ہیں،
باچا خان چوک، خیبر روڈ، فردوس چوک، ہشت نگری سمیت دیگر مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کئے گئے ۔
شہر کا ریڈ زون اب بھی سیل ہے، مختلف مقامات پر کنٹینرز موجود اور سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
ادھر پشاور میں بورڈ بازار، کارخانو مارکیٹ، رام پوری بازار، اشرف روڈ، پشاور صدر، پیپلز منڈی بازار اور یونیورسٹی روڈ پر تجارتی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔
رنگ روڈ، سرکلر روڈ اور دیگر شاہراہوں پر بھی ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی، تاہم خیبر روڈ ٹریفک کے لئے بند ہے۔
پشاور میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہوگئی تاہم تعلیمی ادارے، اسکول، کالجز اور جامعات بند رہے۔ پشاور میں پیر کو ہونے والے میٹرک کے ضمنی امتحانات بھی ملتوی کر دئیے گئے ۔
حکام کے مطابق امتحانات کا نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے کرکٹ ٹرائلز اور پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ اسکول ٹورنامنٹ بھی ملتوی کر دئیے گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بنوں تعلیمی بورڈ ایس ایس سی سالانہ امتحانات دوم کے تمام پرچے بھی ملتوی کردئیے گئے۔میٹرک کے ہونے والے سالانہ امتحان دوم کا پرچہ بھی تاحکم ثانی ملتوی کردیا گیا، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
امتحان ملتوی ہونے سے ضلع بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان اور ملحقہ علاقوں کے طلبہ و طالبات متاثر ہوئے۔کوہاٹ میں بھی امتحانات
ملتوی، جنوبی وزیرستان لوئر دیر میں بھی آ تمام تعلیمی ادارے بند ر ہے۔ نوشہرہ اور سوات میں بھی پیر کو تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے،
سوات میں میٹرک سال 2026 کے امتحانات بھی ملتوی کردئیے گئے ۔نوشہرہ میں ڈپٹی کمشنر گوہر زمان وزیر نے تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق پیر 12 اکتوبر کو ضلع بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور جامعات بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ سوات میں میٹرک سال 2026 کے امتحانات بھی ملتوی کردئیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے تعلیمی بورڈ نے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا۔ امتحانات سوات، شانگلہ اور بورڈ کے زیر انتظام دیگر علاقوں میں منعقد ہونا تھے۔تعلیمی بورڈ کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخوں اور نظرثانی شدہ ڈیٹ شیٹ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
طلبہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ نئی تاریخوں سے متعلق بورڈ کے باضابطہ اعلان پر نظر رکھیں۔
دوسری جانب مالاکنڈ ضلع میں 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے تمام سیاسی اجتماعات، جلسے جلوسوں اور تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریاست اور سرکاری اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد کردی گئی جبکہ ضلع بھرکے تمام سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز 2 روز کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اضافی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

