ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے اور شہری ہلاکتوں پر گہری تشویش، حملے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں، سعودی وزارت خارجہ
سعودی عرب(الفجرآن لائن)سعودی عرب، مصر، پاکستان اور ترکیہ پر مشتمل آر 4 گروپ نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چاروں ممالک نے مملکت سعودی عرب کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے حملوں میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی سنگین کارروائیاں بھی شامل ہیں، جن کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے، جبکہ شہری بنیادی ڈھانچے اور تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔
آر 4 گروپ کے رکن ممالک نے ان حملوں کو بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی سخت مذمت کی۔ بیان میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کی سنگینی کو اجاگر کیا گیا۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق آر 4 گروپ میں مملکت سعودی عرب، عرب جمہوریہ مصر، اسلامی جمہوریہ پاکستان اور جمہوریہ ترکیہ شامل ہیں، جنہوں نے سعودی عرب کے خلاف جاری دشمنانہ حملوں پر مشترکہ مؤقف اختیار کیا ہے۔

