میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت بڑا قومی نقصان ہے، معاون برائے داخلہ بلوچستان
کوئٹہ(الفجرآن لائن) معاون برائے داخلہ حکومتِ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کوئٹہ میں پاک فوج کے تربیتی طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دو پائلٹس کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں بابر یوسفزئی نے انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور اسٹوڈنٹ پائلٹ کیپٹن عبدالصمد کی شہادت کو افسوسناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وطن کی خدمت اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افسران قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں افسران کی شہادت ایک بڑا قومی نقصان ہے، جس پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ شہداء کے اہلِ خانہ جس کرب اور صدمے سے گزر رہے ہیں، اس کا احساس ہر پاکستانی کو ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان ملک و قوم کی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ ادا کرتے ہیں۔ ایسے افسوسناک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی دکھ اور صدمے کا باعث ہے۔
معاون برائے داخلہ حکومتِ بلوچستان نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید افسران کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

