کراچی : پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بعد زمبابوے ویمنز ٹیم کو تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں بھی کلین سوئپ (وائٹ واش) کر دیا ہے۔ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 133 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی بیٹرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے صرف 19 گیندوں پر 62 رنز کی طوفانی اور ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر خواتین کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے سائرہ جبین نے بھی پچاس رنز بنائے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہیں۔ دیگر بیٹرز میں عائشہ ظفر نے 45، ارم جاوید نے 29 اور اوپنر منیبہ علی نے 22 رنز کا حصہ ڈالا۔224 رنز کے بڑے اور کٹھن ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پاکستانی بولرز کی نپی تلی اور تباہ کن بولنگ کے سامنے مہمان ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہو گئی اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں محض 90 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
زمبابوے کی کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولنگ اٹیک کا جم کر مقابلہ نہ کر سکی، جس کے نتیجے میں گرین شرٹس نے یہ میچ 133 رنز کے ریکارڈ مارجن سے جیت لیا۔واضح رہے کہ اس تاریخی دورے کے دوران پاکستان ویمنز ٹیم نے مہمان ٹیم پر اپنی برتری برقرار رکھی۔ قومی ٹیم نے پہلے تین ایک روزہ (ون ڈے) میچوں کی سیریز میں زمبابوے کو 0-3 سے شکست دی تھی اور اب ٹی 20 فارمیٹ میں بھی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر کے دونوں ٹرافیاں اپنے نام کر لیں
