آپریشنز کا مقصد ہندوستانی پراکسیوں، فتنہ ال ہندوستان کو ختم کرنا ہے، آئی ایس پی آر
راولپنڈی، کوئٹہ (الفجرآن لائن) سیکورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو بلوچستان کے خاران اور مستونگ اضلاع میں دو تیز رفتار انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں، انسداد دہشت گردی مہم کے تحت جاری ان آپریشنز میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے، ان آپریشنز کا مقصد ہندوستانی پراکسیوں، فتنہ ال ہندوستان کو ختم کرنا ہے،
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 جون کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خاران میں انٹیلی جنس اطلاعات پر دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت دیکھی، موثر کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے، 26
جون کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خودکش بمبار کی ممکنہ موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران، مؤثر کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد، ایک خودکش بمبار سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے،ان دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن جا ری ہیں، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن "عزم استحکام” کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
