پشاور سے آنے والی ٹرین جیکب آباد تک محدود، سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی آپریشن بحال ہوگا
پاکستان ریلوے کی مسافروں کو سفر سے قبل ٹرین کی صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت
کوئٹہ(الفجر آن لائن)سکیورٹی خدشات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے سکیورٹی کلیئرنس موصول نہ ہونے کے باعث پاکستان ریلوے نے جمعرات کے روز کوئٹہ سے ٹرین سروس عارضی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت کوئٹہ سے روانہ ہونے والی 39 ڈاون ٹرین اپنی مقررہ منزل کے لیے روانہ نہیں ہوگی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی ٹرین کو بھی جیکب آباد تک محدود کر دیا گیا ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹرین آپریشن جاری رکھنے کے لیے متعلقہ سکیورٹی اداروں کی کلیئرنس درکار تھی، تاہم منظوری نہ ملنے کے باعث احتیاطی اقدام کے طور پر ٹرین سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ پاکستان ریلوے کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے سکیورٹی اداروں کی ہدایات کی روشنی میں یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کوئٹہ سے روانہ ہونے والی 39 ڈان ٹرین آج اپنی منزل کی جانب روانہ نہیں ہوگی، جبکہ پشاور سے آنے والی ٹرین کو کوئٹہ پہنچنے کے بجائے جیکب آباد اسٹیشن پر روک کر وہیں سے واپس روانہ کیے جانے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے حتمی فیصلہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ٹرین سروس کی عارضی معطلی کے باعث کوئٹہ، سبی، مچھ، بولان، جیکب آباد اور دیگر شہروں کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ متعدد مسافر، جنہوں نے پہلے سے اپنے سفر کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، انہیں سفر مخر کرنے یا متبادل ذرائع آمدورفت اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔پاکستان ریلوے نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل متعلقہ ریلوے اسٹیشن یا ہیلپ لائن سے اپنی ٹرین کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین آپریشن کی بحالی کا فیصلہ متعلقہ سکیورٹی اداروں کی کلیئرنس کے بعد کیا جائے گا، اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے اور سکیورٹی منظوری ملے گی، کوئٹہ سے ٹرین سروس دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔

