چاغی شہر میں مسلح افراد کی کارروائی، مختلف سرکاری تنصیبات پر قبضے اور حملوں کی اطلاعات
پولیس تھانے کو نذرِ آتش کرنے اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی کا دعوی، سرکاری تصدیق کا انتظار
دالبندین(نیوز ایجنسیاں) ضلع چاغی کے علاقے چاغی شہر میں سینکڑوں مسلح افراد کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد شہر میں داخل ہوئے اور مختلف اہم مقامات پر اپنی موجودگی قائم کرتے ہوئے متعدد سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ تاہم ان اطلاعات کی تاحال سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے سرکاری دفاتر، بینکوں اور پولیس تھانوں کے اطراف اپنی موجودگی قائم کی، جبکہ تحصیل چاغی کے پولیس تھانے پر حملہ بھی کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس تھانے کو آگ لگا دی، تھانے میں موجود ریکارڈ اور سرکاری گاڑیوں کو بھی نذرِ آتش کیا، جبکہ ایک ایمبولینس بھی اپنے ساتھ لے جانے کا دعوی کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر ناکہ بندی کرتے ہوئے سنیپ چیکنگ بھی کی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔واقعے کے حوالے سے تاحال ضلعی انتظامیہ، پولیس یا دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

