اسلام آباد( الفجرآن لائن) : صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے چین میں آنے والے تباہ کن طوفانوں، بگولوں، مٹی کے تودے گرنے اور شدید بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر چینی حکومت اور عوام سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی قیادت نے اس قدرتی آفت کے وقت چین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کی دیرینہ اور فولادی دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ، چینی حکومت اور متاثرہ خاندانوں کو پاکستان کے عوام کی طرف سے تعزیت پیش کی۔ وزیر اعظم نے چینی امدادی ٹیموں کی جانب سے جاری ریسکیو آپریشنز کو سراہا اور کہا کہ چین کی حکومت اپنے شہریوں کو اس بحران سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ چین کے مختلف علاقوں بشمول گوانگشی، ہوبئی اور گانسو میں حالیہ سیلاب اور طوفانوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے

