کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ کوئٹہ پہنچنے پر ائیرپورٹ پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سول اور عسکری حکام بھی موجود تھے جنہوں نے وزیراعظم کو خوش آمدید کہا۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء اور مشیروں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی کوئٹہ پہنچا ہے۔ وفد میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔ یہ وفد صوبائی قیادت کے ساتھ مل کر اہم امور پر مشاورت کرے گا۔
اپنے اس مختصر دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کوئٹہ میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں عسکری اور سول حکام وزیراعظم کو صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال اور جاری آپریشنز پر بریفنگ دیں گے۔ مزید برآں، وزیراعظم گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں بھی کریں گے جس میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

