کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کی عدالتوں میں وکلا پیش نہ ہوئے، سیاہ پٹیاں باندھ کر دہشت گردی کے خلاف احتجاج
کوئٹہ(الفجر آن لائن)بلوچستان بار کونسل کی اپیل پر صوبے میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات، امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور بے گناہ شہریوں و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی شہادتوں کے خلاف جمعرات کے روز کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں وکلا برادری نے مکمل ہڑتال کرتے ہوئے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا۔ احتجاج کے دوران وکلا نے اپنے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر دہشت گردی کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا اور حکومت سے امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اور مثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔بلوچستان بار کونسل کی احتجاجی کال پر صوبے کے تمام اضلاع میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، جس کے باعث بلوچستان ہائی کورٹ، سیشن کورٹس، سول کورٹس، فیملی کورٹس، جوڈیشل مجسٹریٹس اور دیگر ماتحت عدالتوں میں معمول کی عدالتی کارروائیاں شدید متاثر رہیں۔
وکلا کی عدم موجودگی کے باعث بیشتر مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی گئی، جبکہ صرف انتہائی ضروری نوعیت کے چند مقدمات کی محدود کارروائی انجام دی گئی۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان ہائی کورٹ، سیشن کورٹ، سول کورٹس اور دیگر عدالتی مراکز میں وکلا کے مکمل بائیکاٹ کے باعث عدالتوں کے احاطوں میں غیر معمولی سناٹا رہا۔ مقدمات کی پیروی کے لیے آنے والے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ وکلا نے سیاہ پٹیاں باندھ کر دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا

