ہزاروں افراد، اعلی حکام اور قبائلی عمائدین کی شرکت، شہدا کو سلامی، آبائی علاقوں میں سپردِ خاک
سنجاوی (الفجر آن لائن)ضلع زیارت کے علاقے مانگی ڈیم میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے بلوچستان پولیس کے تین بہادر اہلکاروں، شہید محمد زمان، شہید دین محمد اور شہید کلیم اللہ کی مشترکہ نمازِ جنازہ سنجاوی فٹبال گرانڈ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں عوام، سرکاری حکام، قبائلی عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کرکے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ میں صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دومڑ، ڈپٹی کمشنر زیارت عبد القدوس اچکزئی، ڈی آئی جی سبی رینج پرویز عمرانی، بلوچستان پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلی افسران، قبائلی مشران، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
اس موقع پر بلوچستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی، جبکہ نمازِ جنازہ کے بعد تینوں شہدا کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیے گئے، جہاں انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔شرکا نے دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیامِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

