دہشت گردی کے خلاف قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہدا کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا
زیارت کے شہدا کو قوم کا سلام، بلوچستان بھر میں تعزیت، دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
کوئٹہ(الفجر آن لائن)ضلع زیارت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے بلوچستان پولیس کے 21 اہلکاروں کی شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ نے شہدا کی باضابطہ فہرست جاری کر دی ہے۔ ضروری قانونی کارروائی، شناخت اور طبی معائنے کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد شہدا کی میتیں ان کے ورثا کے حوالے کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں ان کے آبائی علاقوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جا سکے۔ اس افسوسناک سانحے پر بلوچستان بھر میں سوگ کی فضا برقرار ہے، جبکہ عوام، حکام اور مختلف طبقات نے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف متحد رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہید اہلکاروں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے غیر معمولی بہادری، جرات اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے وطن کی سلامتی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان بہادر اہلکاروں کی قربانیاں بلوچستان پولیس کی تاریخ کا روشن باب ہیں اور انہیں ہمیشہ فخر کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔حملے کے بعد زخمیوں اور شہدا کو مختلف ذرائع سے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں اور طبی عملے نے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ قانونی تقاضے اور شناخت کا عمل مکمل کیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی اہلکاروں کو بھی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ماہر ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم مسلسل ان کی نگرانی کر رہی ہے

