کوئٹہ (الفجرآن لائن): منگی ڈیم حملے کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کا گرینڈ آپریشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائیوں میں اب تک 39 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پانچ جولائی سے شروع ہونے والے اس انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) میں اب تک مجموعی طور پر 75 دہشت گرد انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ پاک فوج، فرنٹیئر کونسٹیبلری (ایف سی) اور بلوچستان پولیس صوبے کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید بتایا کہ خضدار کے علاقے زہری میں دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، جسے پولیس نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی اور بزدلانہ کارروائیاں کرنے والے دہشت گرد اپنے انجام سے کسی صورت نہیں بچ سکیں گے

