کراچی(الفجر آن لائن ) پاکستان میں مشہور شخصیات کی مصنوعی ذہانت کے ذریعے مبینہ جعلی اور نازیبا ویڈیوز تیار کرنے والے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا انکشاف ہوا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ایک نجی کمرشل پلازے میں قائم دفتر پر چھاپہ مار کر نیٹ ورک سے وابستہ 114 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق 4 مختلف ممالک سے ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک نجی کمپنی قائم کر رکھی تھی جس کے ذریعے مشہور شخصیات کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی نازیبا ویڈیوز بنانے اور مبینہ طور پر انہیں پھیلانے کا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق غیر ملکی ملزمان کے ساتھ 2 درجن سے زائد
پاکستانی شہری بھی مبینہ طور پر اس نیٹ ورک میں ملوث تھے کارروائی کے دوران غیر ملکی ملزمان سے متعلق تمام ڈیجیٹل مواد اور دیگر شواہد تحویل میں لے لیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ این سی سی آئی اے نے گرفتار افراد سے متعلق چار غیر ملکی سفارت خانوں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے آئندہ ہفتے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں ، جن میں نیٹ ورک کے پاکستانی سہولت کاروں ، اس کے مالی معاملات اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی تیاری و ترسیل کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

