بوداپیسٹ (الفجر آن لائن ) ہنگری میں پولینڈ سے تعلق رکھنے والے سیاحوں سے بھری بس موٹروے سے پھسل کر کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ایک بجے پیش آیا۔
بس دارالحکومت بوداپیسٹ کو شمال مشرقی شہر نیریگ ہازا سے ملانے والی ایم تھری موٹروے سے اتر کر کھائی میں جاگری۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ حادثہ ڈرائیور کے دورانِ سفر سو جانے کے باعث پیش آیا، تاہم حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق بس میں 57 مسافر اور 2 ڈرائیور سوار تھے۔ امدادی کارکنوں نے اب تک 35 افراد کو بس سے نکال لیا ہے۔
پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارکنوں نے ابتدائی طور پر بس کا پچھلا ایکسل اٹھانے کی کوشش کی، بعد ازاں پوری بس کو اٹھانے کے لیے کرینیں استعمال کی گئیں ۔
ہنگری کی ایمبولینس سروس کے مطابق 10 شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ مزید 37 افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں

