ملتان (الفجر آن لائن ) ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والے دو مسافروں کو حراست میں لے لیا۔ترجمان ایف آئی اے ملتان زون کے مطابق گرفتار مسافروں کی شناخت ارشد علی اور ذوالقرنین حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔
دونوں مسافر یو اے ای سے پرواز G9558 کے ذریعے ملتان پہنچے تھے۔امیگریشن کلیئرنس کے دوران دونوں مسافروں کے بیرون ملک سفر سے متعلق کوئی سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہیں تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں مسافر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک گئے تھے۔
ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے دونوں مسافروں کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے والے افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

