صنعا (الفجر آن لائن ) یمن میں کئی برس کی نسبتاً پْرسکون صورتحال کے بعد ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی حمایت یافتہ حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر حملوں میں تیزی آ گئی ہے، جس کے بعد ملک میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر جنگ چھڑنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق شمالی یمن کے شہر حدیدہ سے تعلق رکھنے والے دو بچوں کے والد انور نے حوثیوں کی پیش قدمی کے بعد بحیرہ احمر کے ساحلی شہر مخا میں پناہ لی تھی۔
تاہم گزشتہ ہفتے مخا کی بندرگاہ پر حوثیوں کے حملوں کے بعد جنگ ایک بار پھر ان کے خاندان کے قریب پہنچ گئی ہے۔
مخا کے ایک اور رہائشی نجم حمود الوہبانی نے بھی علاقے میں خوف و ہراس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص خوف میں زندگی گزار رہا ہے۔
ان کے مطابق حوثیوں کے میزائل اور ڈرون روزانہ لوگوں کے سروں کے اوپر سے گزرتے ہیں ، جبکہ دور سے حملوں کی آوازیں سن کر یہ خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ اگلا نشانہ مخا نہ بن جائے۔
رپورٹ کے مطابق حوثیوں کے تازہ حملوں سے نئی نقل مکانی اور تشدد میں اضافے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں ، جبکہ یمن میں جاری سیاسی اور عسکری کشیدگی ایک بار پھر بڑے پیمانے پر جنگ کی طرف بڑھنے کا خطرہ پیدا کر رہی ہے۔

