لاہور(الفجرآن لائن) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 23 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی ہے اورترجمان پی ڈی ایم اے نے خبردارکیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ہوں گی،
جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
سیالکوٹ میں سب سے زیادہ 87 ملی میٹر، جبکہ مری اور نارووال میں 53، 53 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
راولپنڈی میں 21، گجرات میں 24 اور گجرانوالہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح منگلا میں 7 جبکہ اٹک میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور منڈی بہاالدین میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور اوکاڑہ میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اس دوران بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔سیف انور جپہ نے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھی جائے، کیونکہ مون سون میں ایسے مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

