کوئٹہ (الفجرآن لائن) اسپیشل مجسٹریٹ واسا حبیب الرحمن کاکڑ نے گوالمنڈی چوک اور حاجی عیبی روڈ کے علاقے میں غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد کارخانوں کے غیر قانونی پانی کے کنکشنز منقطع کر دیے، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب پانچ کارخانوں کو سیل کرکے مالکان کو نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق واسا حکام کی جانب سے شہر میں غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف جاری کارروائی کے سلسلے میں اسپیشل مجسٹریٹ واسا حبیب الرحمن کاکڑ کی سربراہی میں گوالمنڈی چوک اور حاجی عیبی روڈ پر مختلف کارخانوں اور صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔
کارروائی کے دوران متعدد مقامات پر غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے واٹر کنکشنز کی نشاندہی ہوئی، جنہیں فوری طور پر منقطع کر دیا گیا۔اس موقع پر ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے پانچ کارخانوں کو سیل بھی کیا گیا، جبکہ متعلقہ مالکان اور انتظامیہ کو قانونی نوٹسز جاری کیے گئے۔ واسا حکام نے واضح کیا کہ پانی کے غیر قانونی استعمال اور غیر مجاز کنکشنز کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔اسپیشل مجسٹریٹ واسا حبیب الرحمن کاکڑ نے کارروائی کے دوران کہا کہ تمام صنعتی و تجارتی ادارے واسا کے قوانین اور ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے قانونی طریقہ کار کے تحت پانی کے کنکشن حاصل کریں۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے پانی کے حصول یا استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا تاکہ پانی کی منصفانہ اور قانونی بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

