اسلام آباد(الفجرآن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور گمراہ کن مواد کا مؤثر تدارک ناگزیر ہے، نوجوان افسران عاجزی، عزم اور احساس ذمہ داری کے ساتھ پاکستان کی خدمت کریں۔
وہ 54 ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے 217 زیر تربیت افسران سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نیوزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔
وفد کے ارکان کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے ملاقات ہوئی۔زیر تربیت افسران کے وفد میں وفاقی حکومت کے 12 مختلف پیشہ ورانہ گروپس/سروسز سے تعلق رکھنے والے 217 پروبیشنرز شامل تھے جن میں 117 مرد اور 100 خواتین افسران شامل ہیں۔
زیر تربیت افسران کو وزارت اطلاعات و نشریات کے کردار، حکومتی ابلاغ، قومی بیانیے کی تشکیل و ترویج، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، عوامی آگاہی اور غلط معلومات کے تدارک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
زیر تربیت افسران کو غلط معلومات کے تدارک اور عوامی رابطہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے زیر تربیت افسران سے بدلتے ہوئے میڈیا منظر نامے پر تبادلہ خیال کیااور کہا کہ سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور موثر عوامی خدمت کے لئے کامن ٹریننگ پروگرام اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
مؤثر حکومتی ابلاغ شفافیت کے فروغ، عوام کو درست معلومات کی فراہمی اور ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور گمراہ کن مواد کا مؤثر تدارک ناگزیر ہے، اس مقصد کے لئے پیشہ ورانہ، بروقت اور ذمہ دارانہ ابلاغی حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے۔
عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ نوجوان افسران عاجزی، عزم اور احساس ذمہ داری کے ساتھ پاکستان کی خدمت کریں، نوجوان افسران سرکاری ذمہ داریاں دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے انجام دیں۔
وفد کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے ذریعے عوامی رابطہ کاری، قومی پالیسیوں اور حکومتی اقدامات سے عوام کو آگاہ کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔54ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت افسران نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ بریفنگ کو مفید قرار دیتے ہوئے حکومتی ابلاغ اور ڈیجیٹل میڈیا کے کردار کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا

