میرٹ پر آکسفورڈ اور ہارورڈ کی اسکالرشپس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی تربیت اور دو جدید امراضِ قلب کے اسپتالوں کا قیام حکومت کا بڑا کارنامہ ہے
کوئٹہ (الفجرآن لائن) معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ھے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیںوزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی متحرک، دوراندیش اور عوام دوست قیادت میں بلوچستان ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے۔ صوبائی حکومت نے محض دعووں کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف، نوجوانوں کو مواقع اور صوبے کو ترقی کی سمت دینے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے نوجوانوں کو صوبے کا سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کے تعلیمی مستقبل پر خصوصی توجہ دی ہے۔ میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس کے ذریعے بلوچستان کے باصلاحیت طلبہ کو دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ آج بلوچستان کے بچے آکسفورڈ اور ہارورڈ جیسی عالمی شہرت یافتہ جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو وزیراعلیٰ کی نوجوان دوست پالیسی اور تعلیمی وژن کا عملی ثبوت ہے۔نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روزگار اور تربیت کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جبکہ میرٹ کلچر کو فروغ دے کر نوجوانوں کو سفارش اور اقربا پروری کے بجائے اپنی صلاحیت، قابلیت اور محنت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے حکومت بلوچستان کا مقصد ترقیاتی عمل کو صرف بڑے شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے اسے دور دراز علاقوں اور عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ سڑکوں، تعلیم، پینے کے صاف پانی، بجلی، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر عملی پیش رفت جاری ہے تاکہ بلوچستان کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور سہولیات ان کے گھروں کے قریب میسر آ سکیں۔
صحت کے شعبے میں بھی وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی حکومت نے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ جدید طبی سہولیات کی فراہمی، صحت کے نظام میں بہتری اور عوام کو معیاری علاج کی سہولت دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بلوچستان میں دو جدید امراضِ قلب کے اسپتالوں کا قیام بھی اسی عوام دوست وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد صوبے کے عوام کو علاج کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ کرنے کی ضرورت کم کرنا ہے۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان میں ایک ایسے ترقیاتی اور انتظامی کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے جس کا مرکز عام آدمی، نوجوان، میرٹ اور عوامی خدمت ہے۔ موجودہ حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ بلوچستان کے وسائل کا ثمر بلوچستان کے عوام تک پہنچے اور صوبے کا ہر شہری ترقی کے عمل میں خود کو شریک محسوس کرے۔معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے نوجوانوں کو امید، مواقع اور روشن مستقبل کا نیا وژن دیا ہے۔ آج کا بلوچستان تعلیم، صحت، روزگار، انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھ رہا ہے اور یہ سفر وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں مزید تیزی سے جاری رہے گا۔

