لاہور(الفجر آن لائن)حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت عائد کی گئی ہے، جس کے تحت آٹ ڈور ڈرونز کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی، ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔
تاہم ان کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنی ہوں گے۔
اس کے علاوہ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لئے ڈرون استعمال کرنے کی صورت میں ضلعی سطح پر قائم سیف ڈرون یوزیج کمیٹی سے تحریری اجازت حاصل کرنا ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق کمیٹی کی تحریری اجازت کے بعد متعلقہ مقاصد کے لئے ڈرون کا استعمال پابندی سے مستثنی تصور ہوگا۔ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ عوامی تحفظ۔
امن و امان کا قیام اور املاک کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں، صوبہ بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

