کوئٹہ(الفجرآن لائن) پشین کے علاقے سرانان میں سڑک پر کام کرنے والے چار نہتے اور معصوم مزدوروں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا ہے، جس کی صوبائی حکومت نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم کی جانب سے عام شہریوں اور مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور انسانیت دشمن عمل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد معصوم لوگوں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔بابر یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ اس بزدلانہ کارروائی کے فوراً بعد صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں اور فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور ملوث عناصر کا تعاقب جاری ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ معاون داخلہ نے صوبائی حکومت کی جانب سے شہید مزدوروں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کی شریک ہے

